ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جنوبی کینرا اور اُڈپی میں بڑھ رہے ہیں 'ریٹ بائٹ فِیور' کے معاملات

جنوبی کینرا اور اُڈپی میں بڑھ رہے ہیں 'ریٹ بائٹ فِیور' کے معاملات

Mon, 05 Sep 2022 19:51:37    S.O. News Service

منگلورو، 5/ ستمبر (ایس او نیوز) کورونا وباء کی دہشت یوں تو ختم ہوگئی ہے مگر اس کے بعد مختلف متعدی بیماریوں کا سلسلہ ابھی جاری ہے ۔ فی الحال ایک طرف دیکھا گیا ہے کہ اکثر مریض سردی زکام، بخار، گلے میں سوزش، کمر اور بدن میں شدید درد، پیٹ میں مروڑ، جُلاب اور بے انتہا کمزوری کا احساس جیسی شکایات لے کر ڈاکٹروں کے پاس پہنچ رہے ہیں ۔ تو دوسری طرف جنوبی کینرا اور اڈپی میں چوہے کی وجہ سے پھیلنے والے 'ریٹ  بائٹ فیور' کے معاملات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
    
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق امسال مانسون کے موسم میں اُڈپی میں ریٹ  فیور کے 112 اور جنوبی کینرا میں 305 معاملے سامنے آئے ہیں ۔ اگست کے مہینے میں جانچ کے لئے 163 نمونے حاصل کیے گئے ۔ فی الوقت اڈپی ضلع میں 42 ایکٹیو معاملے موجود ہیں ۔ جنوبی کینرا کے منگلورو میں 192 ، بنٹوال میں 37، بیلتنگڈی میں 51،  پتور میں 19 اور سولیا میں 5 معاملے سامنے آئے ہیں ۔ 
    
چوہے کے منھ کے لعاب میں پائے جانے والے بیکٹیریا کی وجہ سے یہ مرض پھیلتا ہے ۔ چوہے کے کاٹنے ، چھونے ، اس کے ناخن سے خراش لگنے یا  فضلات اور لعاب  کسی جگہ لگنے سے یہ مرض انسانوں کو لاحق ہوتا ہے ۔ اس میں شدید بدن درد ، گلے میں سوزش ، جوڑوں میں شدید درد اور سوجن، جسم پر چکتّے ، پیٹ درد ، قئے اور دست ، تیز بخار جیسی شکایات پیدا ہوتی ہیں ۔ 
    
 یہ مرض زیادہ تر کسانوں ، ماہی گیروں اور گڈھے اور گندے نالوں کی صفائی کرنے والے مزدوروں کو لاحق ہوتا ہے۔ البتہ یہ کوئی متعدی مرض نہیں ہے اور اگر بروقت مناسب علاج کیا گیا تو اس میں  ہلاکت کے امکانات بھی نہیں ہوتے ۔ کھانے پینے کی چیزوں کو چوہوں کی پہنچ سے دور رکھنے ، گھروں میں صفائی کا اہتمام کرنے اور پھلوں کو کھانے سے پہلے اچھی طرح دھو لینے جیسی احتیاطی تدابیر سے اس مرض سے بچا جا سکتا ہے ۔


Share: